فیفا انڈر-17 ورلڈ کپ 2025: پرتگال نے آسٹریا کو 0-1 سے ہرا کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا

0

دوحہ – فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ 2025 کے سنسنی خیز فائنل میں پرتگال نے آسٹریا کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فیصلہ کن معرکہ دوحہ کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کے روز کھیلا گیا۔

میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول انیسو کیبرال نے 32 ویں منٹ میں اسکور کیا، جو پرتگالی برتری اور تاریخی فتح کے لیے کافی ثابت ہوا۔ کیبرال نے مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں 7 گول اسکور کیے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی رہے۔

آسٹریا کا دباؤ مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا

میچ کے دوران آسٹرین ٹیم نے پرتگال کے ڈیفنس پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور گول کے کئی تابڑ توڑ حملے کیے، تاہم فائنل لمحات میں قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔
آسٹریا کے اسٹار اسٹرائیکر جوہانس موسر—جو ٹورنامنٹ میں 8 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے—فائنل میں اپنی ٹیم کو بچانے میں ناکام رہے۔

میچ کے 85 ویں منٹ میں ان کے متبادل کھلاڑی ڈینیئل فریشر نے کم زاویے سے زبردست شاٹ لگایا جو بدقسمتی سے پوسٹ سے ٹکرا کر میدان سے باہر چلا گیا، اور یوں آسٹریا یقینی گول کرنے کا سنہری موقع ضائع کر بیٹھا۔

تیسری پوزیشن—اٹلی کی کامیابی

تیسری پوزیشن کے میچ میں اٹلی نے برازیل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-4 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔

سیمی فائنلز کا احوال

  • آسٹریا نے اٹلی کو 0-2 سے مات دی۔

  • جبکہ پرتگال نے برازیل کے خلاف سنسنی خیز شوٹ آؤٹ مقابلے میں 5-6 سے کامیابی حاصل کی۔

پرتگال کی اس تاریخی فتح نے نوجوانوں کی عالمی فٹبال میں نئی تاریخ رقم کردی ہے، جبکہ آسٹریا پہلی بار فائنل کھیل کر بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم ثابت ہوا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.