فرانسیسی اسمبلی نے یورپی یونین–مرکوسر تجارتی معاہدے کیخلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی
فرانس کی قومی اسمبلی نے یورپی یونین اور مرکوسر کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا تجارتی معاہدے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی سطح پر حتمی ووٹنگ میں اس معاہدے کو مسترد کرے۔
اسمبلی نے جمعرات کے روز یہ قرارداد 244 کے مقابلے میں صرف 1 ووٹ کے ساتھ بھاری اکثریت سے منظور کی، جو فرانسیسی پارلیمنٹ کے اندر اس معاہدے کے خلاف وسیع اتفاق رائے کو ظاہر کرتا ہے۔
“معاہدہ قومی مفاد میں نہیں” — قرارداد کا متن
خبر رساں ادارے کے مطابق قرار داد میں واضح کیا گیا ہے کہ فرانس کو یورپی یونین میں حتمی ووٹنگ کے دوران مرکوسر معاہدے کو روکنے کے لیے بلاک تشکیل دینا چاہیے۔
قرارداد میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ برازیل، ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوراگوئے کے ساتھ مجوزہ تجارتی معاہدہ فرانسیسی قومی مفاد سے میل نہیں کھاتا اور اس کے متعدد معاشی و ماحولیاتی خدشات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن اس وقت رکن ممالک کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کیونکہ 20 دسمبر کو ہونے والے مرکوسر سمٹ سے قبل معاہدے پر رائے شماری کا حتمی مرحلہ متوقع ہے۔
فرانسیسی اسمبلی کی قرارداد ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جو یورپی یونین کے اندر اس معاہدے کے سیاسی مستقبل پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔