فاف ڈو پلیسی نے آئی پی ایل نیلامی سے دستبرداری کا اعلان کر دیا، آئندہ سیزن میں پی ایس ایل کھیلیں گے
جوہانسبرگ – جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز فاف ڈو پلیسی نے آئندہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن کی نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 کے سیزن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کریں گے۔
41 سالہ فاف ڈو پلیسی نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ بھارتی لیگ کے ساتھ ان کا 14 سالہ سفر یادگار اور ناقابلِ فراموش رہا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی پی ایل نے انہیں عالمی معیار کے کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیا، جبکہ بھارتی شائقین کی محبت اور تجربات نے ان کے کیریئر کو نئی سمت دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال وقفہ لے رہے ہیں، تاہم مستقبل میں آئی پی ایل میں واپسی کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا۔ گزشتہ سیزن میں فاف ڈو پلیسی دہلی کیپیٹلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 9 میچوں میں 202 رنز بنا چکے ہیں اور کپتان کی عدم موجودگی میں دو میچوں میں قیادت بھی کی تھی، البتہ انہیں حالیہ نیلامی سے قبل ٹیم نے ریلیز کر دیا۔
غیر ملکی بلے بازوں میں فاف ڈو پلیسی کا شمار آئی پی ایل کے ٹاپ اسکوررز میں ہوتا ہے۔ وہ چنائی سپر کنگز، رائل چیلنجرز بنگلورو اور رائزنگ پونے سپرجائنٹس کی نمائندگی کر چکے ہیں اور دو مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی بھی جیت چکے ہیں۔
فاف ڈو پلیسی نے پی ایس ایل میں دوبارہ شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کرکٹ ماحول، شائقین کی محبت اور لیگ کا بڑھتا ہوا معیار ان کے لیے ایک نیا جوش اور چیلنج ہے۔ وہ اس سے قبل 2019 سے 2021 کے دوران پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے چھ میچ کھیل چکے ہیں۔
پی ایس ایل کا آئندہ سیزن اپریل سے مئی کے دوران شیڈول ہے، جو آئی پی ایل کے معمول کے شیڈول سے متصادم ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ فاف ڈو پلیسی نے اس مرتبہ پاکستان لیگ کو اپنی ترجیح قرار دیا ہے۔