کوئٹہ: بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے ضلع کوہلو میں فٹبال ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف علاقوں کی ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صحت مند سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ انہیں مثبت اور تعمیری راستہ بھی فراہم کرتی ہیں۔
مقامی عمائدین نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایف سی کی جانب سے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا عوام اور فورسز کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مضبوط بناتا ہے۔ ان کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیاں علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں اور نوجوانوں میں مثبت رجحانات کو ابھارتی ہیں۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب اختتام کو علاقے میں کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

