لندن: پاکستان سپر لیگ (PSL) کی خصوصی تقریب آج تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت نامور کرکٹرز، سپورٹس شخصیات اور برطانوی سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق، پی ایس ایل روڈ شو بھی لندن میں بھی ہو گا جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشیں گے۔ اس کے علاوہ سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ اور معروف گلوکار علی ظفر بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔
برطانوی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں—پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کا نیا باب
تقریب میں برطانوی بزنس کمیونٹی اور ممکنہ سرمایہ کاروں کی شرکت متوقع ہے، جو پاکستان سپر لیگ میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اس موقع پر پی ایس ایل میں مالی شراکت اور کمرشل ایکسپینشن کے حوالے سے سرمایہ کاروں سے خصوصی ملاقاتیں بھی کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ کو عالمی سطح پر مزید فروغ دینے کے لیے یہ تقریب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں غیرملکی سرمایہ کاری اور کرکٹ فین بیس میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

