8 ممالک کے 700 افراد سے 970 کروڑ روپے ہتھیانے والا بھارتی شہری’رویندر ناتھ سونی‘ گرفتار

بھارتی

کانپور/دہلی — بھارت کے شہر کانپور میں پولیس نے کروڑوں روپے کے بڑے بین الاقوامی مالیاتی اسکینڈل کا سراغ لگاتے ہوئے دہلی کے رہائشی رویندر ناتھ سونی کو 970 کروڑ روپے کے فراڈ کے الزام میں دہرادون سے گرفتار کرلیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے سرمایہ کاری کے نام پر 8 ممالک کے کم از کم 700 شہریوں کو مختلف اسکیموں کے ذریعے دھوکہ دے کر خطیر رقم ہتھیالی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سونی دبئی میں ’بلو چپ‘ سمیت تقریباً 20 کمپنیاں چلا رہا تھا جن کے ذریعے وہ لوگوں کو منافع دگنا کرنے کا لالچ دیتا اور بڑے پیمانے پر سرمایہ جمع کرتا رہا۔ دبئی میں اس کے خلاف تحقیقات شروع ہوئیں تو وہ عمان کے راستے بھارت واپس آکر روپوش ہوگیا۔

فراڈ کا شکار ہونے والے کانپور کے رہائشی عبدالکریم کے بیٹے طلحہ نے بیان میں بتایا کہ وہ دبئی میں ملازمت کرتے ہیں جہاں 2021 میں ایک کمپنی کے نمائندہ نے انہیں 36 سے 46 ماہ میں رقم دگنی کرنے کی پیشکش کی۔ کمپنی مالک سونی کے کہنے پر انہوں نے 42 لاکھ 29 ہزار روپے سرمایہ کاری کی، مگر کچھ عرصے بعد کمپنی کا رابطہ منقطع ہوگیا، ویب سائٹ بھی حذف کردی گئی۔

طلحہ کی شکایت پر کانپور پولیس نے مقدمہ درج کیا جس کے بعد کرائم برانچ نے مشترکہ کارروائی شروع کی اور 2 دسمبر کو ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تحقیقات میں بڑے انکشافات — 21 بینک اکاؤنٹس، 8 کرپٹو چینلز اور ویڈیو شواہد برآمد

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم سے متعلق 21 بھارتی بینک اکاؤنٹس اور 8 کرپٹو ٹرانزیکشن چینلز کا سراغ ملا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ثبوت مزید جمع کرنے کے لیے دبئی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے، جبکہ سونی کے گھر والوں اور کاروباری ریکارڈ کی بھی چھان بین جاری ہے۔

تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم دبئی کے دفتر میں ڈالر بھرے لفافے صوفے کے نیچے چھپا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منی لانڈرنگ اور فراڈ نیٹ ورک کے مضبوط شواہد ہیں۔

متاثرہ ممالک کی فہرست مزید طویل — جاپانی کمپنیوں تک سرمایہ ڈوبا

پولیس کے مطابق فراڈ کا دائرہ بھارت، ملائیشیا، فرانس، کینیڈا، دبئی سمیت کم از کم 8 ممالک تک پھیلا ہوا ہے جبکہ کئی جاپانی کمپنیوں نے بھی سونی پر اعتماد کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی تھی۔

مجموعی طور پر سونی سے منسلک 20 کمپنیوں کی شناخت ہوئی ہے جن میں سے 16 فعال جبکہ 4 بند ہوچکی ہیں۔ ایک کمپنی امریکہ میں بھی رجسٹرڈ ہے جس کا سربراہ ’’گُرومیت‘‘ نامی شخص ہے اور اس کا اکاؤنٹ اب بھی فعال ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد مشہور پروموٹرز اور شخصیات نے بھی سونی کی کمپنیوں کی تشہیر کی تھی جس کے باعث عام شہریوں نے بھاری سرمایہ لگایا۔ پولیس ان تمام شخصیات کو نوٹس بھیج چکی ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ وہ صرف برینڈ اینڈورسر تھے یا فراڈ نیٹ ورک کا حصہ۔

بھارتی حکام کے مطابق دبئی میں سونی کے تمام دفاتر سیل کیے جا چکے ہیں جبکہ بھارت میں اس کے خلاف کم از کم تین ایف آئی آرز درج ہیں۔ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے اور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد پورا نیٹ ورک بے نقاب کردیا جائے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے