واشنگٹن/نارتھ کیرولائنا – امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے، جن میں معروف امریکی موٹراسپورٹس ریسنگ ڈرائیور گریگ بفل بھی شامل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں گریگ بفل کے اہلِ خانہ بھی سوار تھے، جو اس المناک حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) واقعے کی مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سے متعلق کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم تکنیکی خرابی یا موسمی حالات سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
گریگ بفل موٹراسپورٹس کی دنیا میں ایک نمایاں نام تھے اور ان کی ہلاکت پر کھیلوں سے وابستہ حلقوں اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
