تیسرا ٹیسٹ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 82 رنز سے شکست دے کر ایشیز سیریز اپنے نام کر لی

0

ایڈیلیڈ — تیسری ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 82 رنز سے شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی پانچ میچوں پر مشتمل ایشیز سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 352 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اگرچہ انگلش بلے بازوں نے مزاحمت دکھائی، تاہم مطلوبہ ہدف تک نہ پہنچ سکے۔

انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی نے 85 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی، جبکہ جیمی اسمتھ نے 60 اور وِل جیکس نے 47 رنز بنائے۔ تاہم آسٹریلوی بولرز کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔

آسٹریلیا کی جانب سے میچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

میچ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 371 جبکہ دوسری اننگز میں 349 رنز اسکور کیے تھے۔ اس کے مقابلے میں انگلینڈ پہلی اننگز میں 286 رنز تک محدود رہا۔

اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشیز سیریز میں 3-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.