انڈر 19 ایشیا کپ: کپتان فرحان یوسف کا ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کا عزم
اسلام آباد – پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا ہے کہ اگرچہ وہ انڈر 19 ایشیا کپ میں انفرادی طور پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے، تاہم آئندہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان فرحان یوسف، ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد، کوچز اور دیگر کھلاڑیوں نے گفتگو کی۔
فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو نیچرل گیم کھیلنے کی مکمل آزادی دی، کسی بھی کھلاڑی کا مورال ڈاؤن نہیں ہونے دیا گیا اور تمام کھلاڑی پورے ٹورنامنٹ کے دوران پُراعتماد رہے۔
اس موقع پر سابق کپتان اور ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران قومی انڈر 19 ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کھلاڑیوں کی محنت کی تعریف کی۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں ٹیم ورک نمایاں رہا، فائنل میں سمیر منہاس کی اننگز کے ساتھ ساتھ احمد حسین کی اننگز بھی اتنی ہی اہم تھی، جس نے ٹیم کو کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ادھر پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچ شاہد انور نے بتایا کہ 17 جون سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا، جس کے دوران تقریباً 70 کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے۔ ہر کھلاڑی کو چار چار میچز کھیلنے کا موقع دیا گیا اور بہتر کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی کیمپ میں شامل کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں 10 روزہ آخری کیمپ منعقد کیا گیا جس میں سابق قومی کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔ ٹیم وطن سے روانہ ہوئی تو صرف ایک ہی ہدف تھا کہ ٹرافی جیت کر شائقینِ کرکٹ کا دل جیتا جائے، جس میں کھلاڑی کامیاب رہے۔