بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سعودی عرب کو کھلاڑی اور کوچز فراہم کرنے کی درخواست مسترد کر دی
ڈھاکہ – بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سعودی عرب کی جانب سے کھلاڑیوں اور کوچز کی فراہمی سے متعلق موصول ہونے والی درخواست مسترد کر دی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ بنگلہ دیشی کھلاڑی اور کوچز قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب کی نمائندگی کریں، تاہم بورڈ نے اس تجویز کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امین الاسلام کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اس وقت اپنی مقامی کرکٹ، ڈومیسٹک اسٹرکچر اور قومی ٹیم کی مضبوطی پر مکمل توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے، اس لیے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی اس نوعیت کی منتقلی بورڈ کی پالیسی کا حصہ نہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب ویژن 2030 کے تحت کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے بین الاقوامی سطح پر وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ سعودی حکام کی کوشش ہے کہ عالمی معیار کے کھلاڑیوں اور کوچز کو شامل کر کے ملک میں کرکٹ کو تیزی سے ترقی دی جائے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب مختلف کرکٹ کھیلنے والے ممالک سے تعاون کے امکانات پر غور کر رہا ہے، تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا حالیہ فیصلہ اس حوالے سے ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔