پاکستان کبڈی فیڈریشن کا بیرونِ ملک کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے سخت پالیسی بنانے کا فیصلہ

0

لاہور – پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بیرونِ ملک مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے سخت اور باقاعدہ پالیسی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بیرونِ ملک کھیلنے کے خواہشمند کبڈی کھلاڑیوں کو فیڈریشن سے این او سی (عدم اعتراض سرٹیفکیٹ) حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس ضمن میں این او سی کو قانونی حیثیت دینے کے لیے فیڈریشن حکومت سے بھی رابطہ کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن بیرونِ ملک کھیلنے کے عمل کی حوصلہ افزائی کرے گی، تاہم کھلاڑی صرف طے شدہ طریقۂ کار کے تحت ہی بیرونِ ملک مقابلوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔

اس معاملے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس ہفتے کو لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں بیرونِ ملک کھیلنے والے کھلاڑیوں سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

اجلاس میں عبیداللّٰہ راجپوت کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بحرین میں ایک ایونٹ کے دوران عبیداللّٰہ راجپوت کی بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے اور بھارتی شرٹ پہننے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

عبیداللّٰہ راجپوت نے اس واقعے کو غلط فہمی قرار دیتے ہوئے معذرت کی تھی، تاہم فیڈریشن ذرائع کے مطابق اس نوعیت کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں، جنہیں ناقابلِ قبول قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی وقار اور کھیل کے ضابطوں کے تحفظ کے لیے سخت پالیسی ناگزیر ہو چکی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.