تہران – ایران نے کہا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہے اور کسی بھی صورت میں اس پر سودے بازی یا مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ بیان ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس میں اسرائیلی اور امریکی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے دیا۔ ان رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیل ایران کے میزائل پروگرام پر دباؤ ڈالنے کے لیے ممکنہ نئی فوجی کارروائی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
بقائی نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتیں کسی بھی ممکنہ جارحیت کو روکنے کے لیے ہیں اور یہ پروگرام ملکی قومی سلامتی کا لازمی جزو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام پر حالیہ میڈیا کی توجہ اسرائیل کی جانب سے امریکہ اور کچھ مخالف میڈیا اداروں کی مدد سے جاری ہائبرڈ وارفیئر کا حصہ ہے۔
