مشرقی جاپان میں برڈ فلو کی تصدیق، 9 لاکھ 70 ہزار مرغیوں کو تلف کرنے کا فیصلہ
ٹوکیو — مشرقی جاپان کے صوبہ ایباراکی میں ایک پولٹری فارم پر برڈ فلو کے کیس کی تصدیق کے بعد 9 لاکھ 70 ہزار مرغیوں کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شنہوا کے مطابق صوبائی حکام نے بتایا کہ شیروساتو کے علاقے میں واقع ایک پولٹری فارم پر انتہائی خطرناک ایویئن انفلوئنزا پھیل گیا ہے۔ یہ رواں سیزن میں جاپان بھر میں برڈ فلو کا دسویں نمبر کا کیس ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ فارم پر انڈے دینے والی تمام 9 لاکھ 70 ہزار مرغیوں کو تلف کیا جائے گا، جو اس سیزن میں اب تک کی سب سے بڑی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔ تازہ کیس کے بعد ملک بھر میں تلف کی جانے والی مرغیوں کی مجموعی تعداد 36 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
جاپانی حکام کے مطابق رواں سیزن میں برڈ فلو کا پہلا کیس 22 اکتوبر کو شمالی صوبے ہوکائیڈو میں رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔