واشنگٹن – امریکا کی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شکاگو میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی سے متعلق درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ صدر قانونی تقاضے پورے کیے بغیر نیشنل گارڈ کو وفاقی کنٹرول میں نہیں لے سکتے۔
خبر ایجنسی کے مطابق شکاگو کی ضلعی عدالت کے جج اپریل پیری نے 10 اکتوبر کو ایک عارضی حکم نامے کے ذریعے نیشنل گارڈ کی تعیناتی روک دی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف امریکی وزارتِ انصاف نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جسے اب اعلیٰ عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل گارڈ کی وفاقی سطح پر تعیناتی کے لیے آئینی اور قانونی شرائط کا پورا ہونا ضروری ہے، اور صدر کو اس حوالے سے لامحدود اختیارات حاصل نہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے شکاگو اور پورٹ لینڈ سمیت چند دیگر شہروں میں فوجی دستے بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں کا مؤقف تھا کہ ڈیموکریٹ کے زیرِ انتظام شہروں میں بدامنی، جرائم اور پرتشدد مظاہروں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے وفاقی مداخلت ناگزیر ہے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹ میئرز، گورنرز اور دیگر ناقدین نے اس اقدام کو اختیارات کے ناجائز استعمال قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی تھی اور اسے ریاستی خودمختاری کے منافی قرار دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کو امریکی آئینی نظام میں اختیارات کی تقسیم اور ریاستی خودمختاری کے تحفظ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
