سلامتی کونسل اجلاس: وینزویلا کے خلاف فوجی و اقتصادی دباؤ پر روس اور چین کی امریکا پر شدید تنقید

0

نیویارک – اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں وینزویلا کے خلاف فوجی اور اقتصادی دباؤ میں اضافے پر روس اور چین نے امریکا پر سخت تنقید کی ہے، جبکہ واشنگٹن اور کاراکاس کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر شدید سفارتی جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔

اجلاس کے دوران وینزویلا کے مستقل مندوب نے امریکی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنگی قوانین کا سہارا لے کر اپنے اقدامات کو جائز قرار دینا مضحکہ خیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وینزویلا کی خودمختاری کو نشانہ بنا رہا ہے۔

اس پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ امریکا اپنی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب اختیارات استعمال کرے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

روس اور چین کے نمائندوں نے امریکی اقدامات کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ فوجی دباؤ اور اقتصادی پابندیاں خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔ دونوں ممالک نے مسئلے کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ امریکا صدر نکولس مادورو کی حکومت پر منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کے الزامات عائد کر کے وینزویلا پر دباؤ بڑھا رہا ہے، جبکہ وینزویلا ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے امریکی اقدامات کو غیر قانونی اور جارحانہ قرار دیتا رہا ہے۔

مبصرین کے مطابق سلامتی کونسل کا یہ اجلاس اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ وینزویلا کے معاملے پر عالمی طاقتوں کے درمیان اختلافات مزید گہرے ہو رہے ہیں، جس کے اثرات خطے کی سلامتی اور عالمی سیاست پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.