کویت میں 18سال سے کم عمر افراد کو انرجی ڈرنکس کی فروخت پرپابندی

0

کویت سٹی — کویت کی وزارتِ صحت نے انرجی ڈرنکس کی فروخت اور استعمال سے متعلق سخت قواعد و ضوابط نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت ان مشروبات کی خریداری کے لیے کم از کم عمر 18 سال مقرر کر دی گئی ہے۔

العربیہ کے مطابق کویتی وزارتِ صحت نے ایک وزارتی فیصلہ جاری کیا ہے، جس کا مقصد انرجی ڈرنکس کی تجارت اور فروخت کو منظم کرنا اور عوامی صحت کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت انرجی ڈرنکس صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو فروخت کی جا سکیں گی۔

وزارتی فیصلے کے مطابق ہر فرد کو روزانہ زیادہ سے زیادہ دو بوتلیں استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ ایک بوتل میں کیفین کی مقدار 80 ملی گرام (250 ملی لیٹر) سے زیادہ نہیں ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ پروڈیوسرز اور درآمد کنندگان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بوتلوں پر واضح اور نمایاں صحت سے متعلق انتباہات درج کریں۔

حکام کے مطابق اشتہارات اور اسپانسرشپ کے ذریعے انرجی ڈرنکس کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، ان مشروبات کی فروخت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی مراکز میں ممنوع قرار دی گئی ہے۔

وزارتِ صحت نے واضح کیا ہے کہ انرجی ڈرنکس کی فروخت حکومتی اداروں، ریستورانوں، کیفوں، دکانوں، فوڈ ٹرکس، خودکار مشینوں، آن لائن آرڈرنگ اور ڈیلیوری سروسز کے ذریعے بھی نہیں کی جا سکے گی۔

فیصلے کے مطابق انرجی ڈرنکس صرف کوآپریٹو ایسوسی ایشنز اور منتخب مارکیٹوں میں مخصوص مقامات پر، متعلقہ حکام کی سخت نگرانی میں فروخت کی جا سکیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام انرجی ڈرنکس کے صحت پر منفی اثرات کو کم کرنے اور نوجوانوں میں ان کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.