قومی اسپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کا سخت ایکشن، تین ملکی فیڈریشنز کو آخری نوٹس جاری

پاکستان اسپورٹس بورڈ

اسلام آباد — قومی اسپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی پر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ملک کی تین اسپورٹس فیڈریشنز کے سینئر عہدیداران کو آخری نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 7 روز کے اندر عہدوں سے دستبردار ہونے کی ہدایت کر دی ہے، بصورت دیگر ان پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق جیو نیوز نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کا نوٹیفکیشن حاصل کر لیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان جوڈو فیڈریشن، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن اور پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے بعض عہدیداران مقررہ مدت سے زائد عرصے سے اپنے عہدوں پر براجمان ہیں۔

قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت کوئی بھی عہدیدار چار، چار سال کی زیادہ سے زیادہ دو مدتیں مکمل کرنے کے بعد اسی عہدے پر فائز نہیں رہ سکتا، تاہم متعلقہ فیڈریشنز کے بعض عہدیداران اس پالیسی کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پی ایس بی کے مطابق اس معاملے پر ماضی میں متعدد بار تحریری مراسلے بھی ارسال کیے جا چکے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ متعلقہ عہدیداران 7 دن کے اندر اضافی مدت میں رکھے گئے عہدوں سے علیحدہ ہو جائیں، بصورت دیگر پاکستان اسپورٹس بورڈ مزید کسی نوٹس کے بغیر ان کے خلاف پابندی عائد کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

پی ایس بی کے مطابق پابندی کی صورت میں یہ افراد کسی بھی قومی یا بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمی میں شرکت، نمائندگی یا وابستگی کے اہل نہیں رہیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں کسی بھی قسم کی مالی معاونت، اسپورٹس سہولیات، آلات یا پاکستان اسپورٹس بورڈ سے منسلک کسی ادارے یا فیڈریشن سے تعاون بھی حاصل نہیں ہو سکے گا۔

نوٹس میں تمام متعلقہ محکموں، اسپورٹس فیڈریشنز اور اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی کی صورت میں ان عہدیداران کے ساتھ کسی قسم کا تعاون یا سرکاری خط و کتابت نہ کی جائے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے