لاہور — نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام کیٹیگریز میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور میں جاری ایونٹ کے انڈر 15 مقابلوں میں خیبر پختونخوا کے حسنین خان نے ہم صوبہ کھلاڑی اکرام اللہ کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
انڈر 17 کوارٹر فائنل میں خیبر پختونخوا کے عبدالحسیب خان نے واپڈا کے خزیمہ شہزاد کو جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں نجم ثاقب نے پنجاب کے احمد عثمان کو 0-2 سے شکست دے کر برتری ثابت کی۔
انڈر 19 کیٹیگری میں خیبر پختونخوا کے قاری محمد عمر نے پنجاب کے ہارون خرم کو جبکہ حاثر شاہ نے فرحان احمد کو مات دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھا۔
انڈر 19 ڈبلز میں قاری محمد عمر اور عبدالحسیب خان نے احمد عثمان اور زین باجوہ کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
انڈر 21 سنگلز میں خیبر پختونخوا کے تیمور خان نے پنجاب کے احمد نیاز کو 0-2 سے ہرایا، جبکہ انڈر 21 ڈبلز میں تیمور خان اور نصراللہ نے طاہر سبحانی اور فیضان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
اسی طرح انڈر 21 گرلز کیٹیگری میں بھی خیبر پختونخوا کی لائبہ مشتاق اور مروہ جدون نے پنجاب کی طیبہ شفیق اور تمیہ قریشی کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری میاں صداقت شاہ نے کھلاڑیوں، کوچز حیات اللہ، ندیم خان اور آفیشلز کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑی فائنل مرحلے میں بھی عمدہ کھیل پیش کر کے صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
