ہرارے — تین ملکی انڈر 19 ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو جیت کے لیے 355 رنز کا مشکل ہدف دے دیا۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 354 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے سمیر منہاس اور عثمان خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو مضبوط مجموعہ فراہم کیا۔
سمیر منہاس نے 142 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔ دوسری جانب عثمان خان نے ذمہ دارانہ اور پُراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 121 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
دونوں بیٹرز کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 199 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ قائم ہوئی جس نے زمبابوے کے بولنگ اٹیک کو بے بس کر دیا۔
زمبابوے کی جانب سے کریبی مدھارمیٹ نمایاں بولر رہے، جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم دیگر بولرز پاکستانی بیٹرز کے سامنے مؤثر ثابت نہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسی سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔
