لندن — ملکہ برطانیہ کمیلا نے انکشاف کیا ہے کہ کم عمری میں انہیں ٹرین میں سفر کے دوران ایک اجنبی شخص کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جو کئی برس تک ان کے لیے ذہنی صدمے کا باعث بنا رہا۔
بی بی سی ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ملکہ کمیلا نے نوجوانی کے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ٹرین میں سفر کے دوران کتاب پڑھ رہی تھیں کہ اچانک ایک اجنبی شخص نے ان پر حملہ کر دیا اور انہیں ہراساں کرنے لگا۔
ملکہ کمیلا کے مطابق اس وقت انہوں نے اپنی والدہ کی نصیحت یاد رکھی اور غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا جوتا اتار کر حملہ آور کو دے مارا، مزاحمت کی اور خود کو بچاتے ہوئے ٹرین سے اتر گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کی عمر 16 یا 17 برس کے قریب تھی اور یہ واقعہ طویل عرصے تک ان کے لیے شدید ذہنی دباؤ اور صدمے کا سبب بنا رہا۔
ملکہ کمیلا کا کہنا تھا کہ جب بھی گھریلو تشدد یا خواتین کے خلاف تشدد کے موضوع پر گفتگو ہوتی ہے تو یہ واقعہ ان کے ذہن میں تازہ ہو جاتا ہے، جو انہیں آج بھی پریشان کر دیتا ہے۔
یہ انکشاف خواتین کو درپیش ہراسانی اور تشدد جیسے مسائل کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے، جن کا سامنا معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو کرنا پڑتا ہے۔
