پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے اور جنگ بندی کی تفصیلات منظرِ عام پر لانے کا مطالبہ
بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ دنوں پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنے جنگی طیارے گرنے کے اعتراف کے بعد، اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت نے قوم سے حقائق چھپائے اور عوام کو گمراہ کیا۔
کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے ایک بیان میں کہا”مودی سرکار نے طیارے گرنے کی سچائی چھپا کر ملک کے عوام کو اندھیرے میں رکھا۔ اب جب بھارتی فوج نے خود اس کی تصدیق کر دی ہے تو ہم پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔”
کانگریس نے جنگ بندی سے متعلق مکمل تفصیلات منظرِ عام پر لانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ کھرگے کا کہنا تھا”امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اگر یہ سچ ہے تو بھارتی حکومت کو عوام کے سامنے جنگ بندی کی شرائط واضح کرنی چاہییں۔”
کانگریس کا الزام ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور جان بوجھ کر جنگ بندی کی تفصیلات چھپا رہے ہیں تاکہ اپنی جماعت کو سیاسی فائدہ پہنچایا جا سکے۔
اپوزیشن کا موقف ہے کہ قومی سلامتی جیسے معاملات پر شفافیت ضروری ہے۔ ان کے مطابق طیارے گرنے، جنگ بندی اور بین الاقوامی مداخلت جیسے معاملات پر خاموشی نہ صرف جمہوریت بلکہ قومی وقار کے لیے بھی خطرناک ہے۔