پہلے ون ڈے، پھر ٹیسٹ: بنگلہ دیش 2026 میں دو مرحلوں میں پاکستان کی میزبانی کرے گا

0

بنگلہ دیش رواں برس دو مختلف مراحل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باعث سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت پاکستانی ٹیم مارچ اور مئی 2026 میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے 2026 کے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان کے علاوہ بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی صفِ اول کی ٹیمیں بھی بنگلہ دیش کا دورہ کریں گی۔ یہ سیزن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فوری بعد مارچ میں شروع ہوگا، جس کا آغاز پاکستانی ٹیم کے دورے سے کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم ون ڈے سیریز کے لیے 9 مارچ 2026 کو ڈھاکا پہنچے گی، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز بالترتیب 12، 14 اور 16 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز ابتدائی طور پر ایک ہی مرحلے میں شیڈول تھی، تاہم پی ایس ایل سے تصادم کے باعث اسے ری شیڈول کر کے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔

ون ڈے سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم مئی 2026 میں دوبارہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ دوسرے مرحلے میں گرین کیپس 4 مئی کو ڈھاکا پہنچیں گے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مئی 2026 تک شیڈول ہے۔

یہ ٹیسٹ سیریز نہ صرف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس بلکہ ٹیسٹ رینکنگ کے حوالے سے بھی پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

بی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 2026 میں بنگلہ دیشی سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ بھرپور ایکشن سے سجی رہے گی، جہاں دنیا کی بڑی ٹیموں کی آمد سے شائقین کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.