نیویارک کے معروف پاکستانی نژاد وکیل علی نجمی میئر ظہران ممدانی کی ٹیم میں شامل
نیویارک کے معروف پاکستانی نژاد وکیل علی نجمی کو میئر ظہران ممدانی کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے، جہاں انہیں عدالتی مشاورتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
میئر نیویارک کی جانب سے علی نجمی کی تقرری ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ عدالتی امور میں شفافیت، بہتری اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے علی نجمی کا انتخاب کیا گیا ہے، کیونکہ اس ذمہ داری کے لیے وہ سب سے موزوں شخصیت ہیں۔
میئر ظہران ممدانی کے مطابق علی نجمی کا قانونی تجربہ، پیشہ ورانہ دیانت داری اور عدالتی نظام کی گہری سمجھ اس کمیٹی کے اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
دوسری جانب علی نجمی نے عدالتی مشاورتی کمیٹی کی سربراہی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عدالتی نظام میں شفافیت، انصاف کی فراہمی اور اصلاحات کے فروغ کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانا اور انصاف تک مساوی رسائی کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔
سیاسی اور قانونی حلقوں نے علی نجمی کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے نیویارک کے عدالتی نظام میں مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔