قاہرہ – بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور انسان دوست شخصیت انجلینا جولی نے جمعے کے روز مصر اور غزہ کے درمیان واقع رفح سرحدی گزرگاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انجلینا جولی نے رفح کوریڈور پر بین الاقوامی ادارے ریڈ کریسنٹ کے رضاکاروں اور غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے ٹرک ڈرائیورز سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ ایک امریکی وفد بھی تھا، جنہیں مصر کے اعلیٰ حکام نے خوش آمدید کہا اور بریفنگ دی۔
اداکارہ نے کہا کہ رفح بارڈر پر غزہ کے متاثرین کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے والے رضاکاروں سے ملاقات ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ ریڈ کریسنٹ کے رضاکاروں نے بتایا کہ سرحد پر ہزاروں امدادی ٹرک داخلے کے منتظر ہیں، تاہم غزہ پر عائد پابندیوں کی وجہ سے امداد کی ترسیل شدید مشکلات کا شکار ہے۔
انجلینا جولی نے مزید کہا کہ اس ہنگامی دورے کا مقصد غزہ سے مصر منتقل کیے جانے والے زخمی فلسطینیوں کی حالت اور امدادی سامان کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینا اور انھیں حل کرنا ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر میں غزہ میں نافذ جنگ بندی کے تحت رفح بارڈر کو دوبارہ کھولنے کی بات کی گئی تھی، لیکن گذرگاہ اب تک مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکی ہے۔ دسمبر کے اوائل میں اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ رفح کراسنگ صرف غزہ چھوڑنے والوں کے لیے کھولا جائے گا، جس پر مصر نے فوری طور پر تردید کی تھی۔
انجلینا جولی اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے (UNHCR) کی خصوصی ایلچی کے طور پر 20 سال سے زائد عرصے تک خدمات انجام دے چکی ہیں اور 2022 کے اختتام پر انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دیا تاکہ وسیع تر انسانی مسائل پر آزادانہ کام کر سکیں۔
