کراچی – شہرِ قائد کے ساحلِ سمندر سی ویو پر عالمی معیار کی میراتھن ریس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا کے 25 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 7 ہزار سے زائد رنرز نے شرکت کی۔
اس رنگا رنگ اسپورٹس ایونٹ میں مردوں، خواتین اور بچوں نے بھرپور حصہ لیا، جبکہ مختلف عمر کے افراد کی شمولیت نے میراتھن کو مزید منفرد اور یادگار بنا دیا۔
منتظمین کے مطابق ریس کو چار مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں 42، 21، 10 اور 5 کلومیٹر کے فاصلے شامل تھے۔
پہلے مرحلے میں فل میراتھن (42 کلومیٹر) اور ہاف میراتھن (21 کلومیٹر) منعقد کی گئیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں 10 اور 5 کلومیٹر کی دوڑیں کروائی گئیں۔
میراتھن کا آغاز اور اختتام نشانِ پاکستان، سی ویو پر ہوا۔ ریس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ شرکاء کی سہولت کے لیے طبی امداد اور ریفریشمنٹ پوائنٹس بھی مختلف مقامات پر قائم کیے گئے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ کراچی میراتھن کا بنیادی مقصد عوام میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا، جسمانی سرگرمی کی اہمیت اجاگر کرنا اور مثبت سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
شہریوں نے اس کامیاب ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کراچی میراتھن کو مستقبل میں بھی باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا تاکہ شہر میں اسپورٹس کلچر کو مزید فروغ مل سکے۔
