جنوبی کوریا کے صدر چار روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

South Korean President arrives in Beijing for four-day official visit

جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو خصوصی طیارے کے ذریعے بیجنگ پہنچ گئے۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے مطابق صدر شی جن پنگ کی دعوت پر جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ 4 سے 7 جنوری تک چین کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ یہ دورہ صدارت سنبھالنے کے بعد صدر لی جے میونگ کا پہلا دورۂ چین ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران جنوبی کوریا کے کسی بھی صدر کا یہ پہلا سرکاری دورہ چین ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

دورہ چین سے قبل صدر لی جے میونگ نے چائنا میڈیا گروپ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی کوریا ہمیشہ کی طرح ایک چین پالیسی کا احترام کرتا ہے اور تائیوان کے معاملے پر چین کے موقف کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

دورے کے دوران صدر لی جے میونگ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ میں اہم مذاکرات متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں رہنماؤں کی اسٹریٹجک رہنمائی میں یہ دورہ چین اور جنوبی کوریا کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے