استاد مہدی حسن کے صاحبزادے سجاد مہدی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
لاہور — شہرۂ آفاق غزل گائیک استاد مہدی حسن کے صاحبزادے سجاد مہدی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
اہلِ خانہ کے مطابق سجاد مہدی کو دل کا دورہ پڑنے پر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ طبی امداد کے باوجود جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے انتقال کی خبر نے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
مرحوم سجاد مہدی پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے پر فائز رہ چکے تھے اور اپنی پیشہ ورانہ دیانت داری، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے حوالے سے اچھی شہرت رکھتے تھے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر لاہور میں ادا کی جائے گی۔ اہلِ خانہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ استاد مہدی حسن پاکستان کے عظیم کلاسیکی اور غزل گائیکوں میں شمار ہوتے ہیں، جن کی فنی خدمات اور آواز کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بے حد قدر و منزلت حاصل ہے۔