پی ایس ایل کی توسیع: دو نئی ٹیموں کی نیلامی کل اسلام آباد میں ہوگی

0

لاہور – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو چھ سے بڑھا کر آٹھ ٹیموں تک توسیع دینے کے عمل کے تحت دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق یہ نیلامی 8 جنوری بروز جمعرات اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ دو نئی فرنچائزز کے لیے موصول ہونے والی بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کامیاب بولی دہندگان کو راولپنڈی، حیدر آباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے اپنی ٹیم کے لیے شہر منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے اس موقع پر کہا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عالمی سطح پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ میں توسیع کا فیصلہ مالی استحکام، مضبوط برانڈ ویلیو اور شائقین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

پی سی بی حکام کے مطابق نئی فرنچائزز کے مالکان کو 10 سالہ ملکیتی حقوق دیے جائیں گے، جسے لیگ کے مستقبل کے لیے ایک اہم اور دیرپا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ نیلامی کے عمل میں ٹیلی کام، رئیل اسٹیٹ، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری گروپس اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2026 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کو امید ہے کہ نئی ٹیموں کی شمولیت سے لیگ کا معیار، مسابقت اور عالمی کشش مزید بڑھے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.