وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکی فوجی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی یاد میں ملک بھر میں سات روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں قائم مقام صدر نے کہا کہ صدر نکولس مادورو کے خلاف امریکی کارروائی کے دوران وینزویلا کے سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں نے جانوں کی قربانی دی، جنہیں قومی سطح پر خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے اس کارروائی کو ملکی خودمختاری پر حملہ قرار دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وینزویلا کی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی حملے میں دو درجن سے زائد فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ وینزویلا میں کی گئی فوجی کارروائی کے دوران بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کی گئی۔
ادھر کیوبا کی حکومت نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا میں خدمات انجام دینے والے اس کے 32 فوجی اہلکار اور پولیس افسران امریکی حملے میں مارے گئے۔
دوسری جانب امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ وینزویلا میں فوجی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 75 افراد ہلاک ہوئے۔ امریکی اخبار کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں دارالحکومت کراکس میں صدر مادورو کے کمپاؤنڈ کے اطراف شدید فائرنگ اور جھڑپوں کے دوران ہوئیں۔
