بشریٰ انصاری کا جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے عوام سے رقم بٹورنے کے واقعات پر شدید غصے اور تشویش کا اظہار

0

لاہور: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اور نامور اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے عوام سے رقم بٹورنے کے واقعات پر شدید غصے اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ نامعلوم عناصر ان کی تصاویر اور نام استعمال کرکے خود کو بشریٰ انصاری ظاہر کرتے ہیں اور خیرات، فلاحی کاموں اور مذہبی مواقع کے نام پر لوگوں سے پیسے طلب کرتے ہیں، جو سراسر فراڈ ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر موجود متعدد آئی ڈیز ان کی نہیں ہیں اور عوام کو ان جعلی اکاؤنٹس کے جھانسے میں نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ عناصر نہایت سستی اور گھٹیا حرکتوں کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل بھی کر رہے ہیں۔

بشریٰ انصاری کے مطابق بعض جعلی اکاؤنٹس یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ مذہبی دنوں پر غریبوں کی مدد کی جا رہی ہے، جبکہ کچھ افراد این جی او بنانے کے نام پر بیواؤں اور نادار افراد کے لیے چندہ مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بے شرم لوگ معاشرے میں موجود ہیں جو مشہور شخصیات کے نام استعمال کر کے عوام کو دھوکہ دیتے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اس مسئلے پر پہلے بھی کئی بار ویڈیوز کے ذریعے آگاہی دے چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود جعلی اکاؤنٹس کا سلسلہ ختم نہیں ہو رہا۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر وہ کبھی کسی کی مدد کرتی ہیں تو ذاتی طور پر اور خاموشی سے کرتی ہیں اور انہوں نے کبھی سوشل میڈیا کے ذریعے چندہ جمع نہیں کیا۔ آخر میں بشریٰ انصاری نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشہور شخصیت کے نام سے پیسے مانگنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اندھا اعتماد نہ کریں اور ایسے اکاؤنٹس کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.