اداکارہ رشنا خان نے ٹی وی اینکر شاہ زیب خانزادہ سے محبت اور شادی کی کہانی سنا دی
لاہور – ابھرتی ہوئی اداکارہ رشنا خان نے معروف اینکر اور صحافی شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ اپنی محبت اور شادی کی دلچسپ کہانی سے پردہ اٹھا دیا ہے۔
رشنا خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے ساتھ ساتھ نجی زندگی کے حوالے سے بھی کھل کر گفتگو کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ 2013 میں ٹورنٹو فلم اسکول میں فلم میکنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں اور اپنے فائنل پروجیکٹ کے لیے ایک دستاویزی فلم بنانا ضروری تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران ان کے بھائی کی شادی تھی، جس میں شرکت کے لیے وہ پاکستان آئیں۔ رشنا خان کے مطابق شاہ زیب خانزادہ سے شادی سے قبل ہی ان کی فیملی کے اچھے تعلقات تھے، اسی وجہ سے بھائی کی شادی کے موقع پر دونوں کی پہلی ملاقات ہوئی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد شاہ زیب خانزادہ نے ان کی دستاویزی فلم کے حوالے سے مدد کی، جس کے باعث پروجیکٹ مکمل ہونے تک دونوں کے درمیان رابطہ رہا۔ تاہم اس وقت نہ تو شادی اور نہ ہی ڈیٹنگ کا کوئی خیال تھا، بات چیت صرف کام تک محدود تھی۔
رشنا خان نے مزید بتایا کہ کینیڈا میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ایمریٹس ایئرلائن جوائن کر لی اور دبئی منتقل ہو گئیں۔ بعد ازاں جب شاہ زیب خانزادہ پی ایس ایل میچز کی کوریج کے لیے دبئی آتے تو ملاقاتیں ہونے لگیں، جو رفتہ رفتہ قربت میں بدل گئیں۔
اداکارہ کے مطابق انہی ملاقاتوں کے بعد دونوں نے باہمی رضامندی سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا، جو ایک خوبصورت اور قدرتی انداز میں اپنی منزل تک پہنچی۔