روما ریاض نے مس یونیورس پاکستان 2025 جیتنے کو قسمت کا حصہ قرار دے دیا

0

اسلام آباد — مس یونیورس پاکستان 2025 کا اعزاز حاصل کرنے والی روما ریاض کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقابلے کے لیے بھرپور محنت کی، تاہم حقیقت یہ ہے کہ جیتنا ان کی قسمت میں لکھا تھا۔

25 سالہ روما ریاض نے بتایا کہ مس یونیورس پاکستان کا مقابلہ نہایت سخت ہوتا ہے، جس میں انٹرویو کا مرحلہ خاص طور پر طویل اور کڑا رکھا جاتا ہے تاکہ عالمی سطح پر مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت کے دوران کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔

انہوں نے مقابلے کے مراحل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں 51 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، بعد ازاں 20 لڑکیوں کا انتخاب ہوا اور آخر میں چھ فائنلسٹ رہ گئیں، جن کے درمیان مالدیپ میں حتمی مقابلہ منعقد ہوا۔

روما ریاض کے مطابق مس یونیورس پاکستان میں عالمی مقابلے کے عین مطابق فارمیٹ اپنایا جاتا ہے، جہاں ایک ہفتے تک امیدواروں کے رویے، اعتماد، سوال و جواب کی صلاحیت اور مجموعی شخصیت کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے۔

محنت اور قسمت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ تمام امیدوار سخت محنت کرتی ہیں، لیکن کامیابی بالآخر قسمت کا حصہ ہوتی ہے اور اس بار یہ ان کے نصیب میں لکھی تھی۔

واضح رہے کہ مس یونیورس پاکستان کا تاج سر پر سجانے کے بعد روما ریاض نے 21 نومبر 2025 کو تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے مس یونیورس کے عالمی مقابلے میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

اپنے خلاف ہونے والی نکتہ چینی پر ردعمل دیتے ہوئے روما ریاض نے کہا کہ انہیں منفی تبصروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کا مقصد مثبت تھا اور وہ مضبوط ارادوں کی حامل ہیں۔ انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو پیغام دیا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو دل پر نہ لیا کریں۔

رنگت اور وزن سے متعلق اعتراضات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ جیسی بھی ہیں خود سے خوش ہیں، ہر لڑکی خوبصورت ہوتی ہے اور کسی کو خود کو بدلنے کی ضرورت نہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.