لاہور — پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اعلان کے مطابق فاطمہ ثنا دونوں فارمیٹس میں قومی ویمنز ٹیم کی قیادت برقرار رکھیں گی، جبکہ سائرہ جبین اور ہمنہ بلال کو پہلی مرتبہ قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق عائشہ ظفر، گل فیروزہ، منیبہ علی، نصرہ سندھو اور عالیہ ریاض کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جبکہ تسمیہ رباب اور نجیہہ علوی کو صرف ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈیانا بیگ، نجیہہ علوی، صدف شمس اور سیدہ عروب شاہ صرف ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گی، جبکہ ہمنہ بلال، سائرہ جبین، طوبیٰ حسن اور ایمان فاطمہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کی گئی ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ
فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، ہمنہ بلال، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، سدرہ امین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن۔
پاکستان ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ
فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب۔
سیریز کا شیڈول
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، جو پوچف سٹروم، بینونی اور کمبرلے میں کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سیریز سے قبل کمبریلے میں 50 اوورز کا وارم اپ میچ کھیلا جائے گا، جبکہ ون ڈے میچز بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں ہوں گے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ ڈے نائٹ رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم 2021 کے بعد پہلی مرتبہ دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کر رہی ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے فروری 2023 میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی۔
پی سی بی کے مطابق یہ دورہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
