فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس میں قیادت کے انتخاب کے لیے باضابطہ انتخابی عمل کا آغاز ہو چکا ہے، اور تنظیمی ذرائع کے مطابق یہ مرحلہ رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کی قیادت 16 اکتوبر 2024ء کو تنظیم کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد سے اب تک کسی ایک امیر کے بغیر، مشترکہ مشاورتی نظام کے تحت کام کر رہی تھی۔ تاہم اب تنظیم نے نئی قیادت کے انتخاب کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس ماہ کے اختتام تک نئی قیادت کا اعلان متوقع ہے۔
یحییٰ سنوار کے بعد ممکنہ جانشین کون؟
حماس کی آئندہ قیادت کے حوالے سے خلیل الحیّا اور خالد مشعل کے نام طویل عرصے سے زیرِ غور ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان میں سے کوئی ایک تنظیم کی قیادت سنبھال سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی عمل میں شورٰی کونسل کے 50 ارکان حصہ لے رہے ہیں، جبکہ قیادت کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نئی قیادت کا انتخاب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں صورتحال غیر معمولی کشیدگی کا شکار ہے، اور حماس کے آئندہ لائحہ عمل پر اس فیصلے کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
