بنگلا دیش کے کرکٹرز نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے متنازع بیان کے بعد کھیل کے تمام فارمیٹس کے بائیکاٹ کی وارننگ دے دی ہے، جس سے ملکی کرکٹ میں شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب بی سی بی کے ڈائریکٹر نظم الاسلام نے سابق قومی اوپنر تمیم اقبال کو ’’انڈین ایجنٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے ان پر شدید تنقید کی۔ نظم الاسلام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ "اس بار بنگلا دیش کے عوام نے اپنی آنکھوں سے ایک اور انڈین ایجنٹ کو دیکھ لیا ہے۔”
اس بیان پر بنگلا دیشی کرکٹرز میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کھلاڑیوں نے متفقہ طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر بی سی بی کے ڈائریکٹر ایم نظم الاسلام فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوتے تو وہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سمیت تمام فارمیٹس میں کھیل کا بائیکاٹ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کا مؤقف ہے کہ کسی سابق قومی ہیرو پر بغیر ثبوت اس نوعیت کے الزامات نہ صرف قومی وقار کے خلاف ہیں بلکہ کرکٹ کے ماحول کو بھی زہر آلود کر رہے ہیں۔ معاملے نے کرکٹ حلقوں اور شائقین میں بھی شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
تاحال بی سی بی کی جانب سے اس بحران پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر معاملہ جلد حل نہ ہوا تو بنگلا دیش کرکٹ کو بین الاقوامی سطح پر بھی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
