پی ایس ایل 11 کی نئی فرنچائز کا باضابطہ اعلان، ٹیم ’سیالکوٹ اسٹالیئنز‘ کے نام سے میدان میں اترے گی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز کا مکمل نام اور لوگو منظرِ عام پر آ گیا ہے، نئی ٹیم ’سیالکوٹ اسٹالیئنز‘ کے نام سے ایونٹ میں شرکت کرے گی۔
نئی فرنچائز کے مالک حمزہ مجید کا کہنا ہے کہ اسٹالیئنز محض ایک نام نہیں بلکہ سیالکوٹ کی شناخت ہے، اور ٹیم اسی تاریخی و مقبول نام کے ساتھ پی ایس ایل میں میدان میں اترے گی۔
فرنچائز کے شریک مالک کامل خان نے بھی ٹیم کے نام اور لوگو کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پی ایس ایل 11 میں ٹیم ’سیالکوٹ اسٹالیئنز‘ کے نام سے ہی ایکشن میں نظر آئے گی۔
او زی ڈیولپرز نے 8 جنوری کو ہونے والی نیلامی کے دوران یہ فرنچائز 1 ارب 85 کروڑ روپے کی خطیر رقم میں حاصل کی تھی، جس کے بعد سے ٹیم کے نام کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ اب ان خبروں کی تصدیق خود فرنچائز انتظامیہ نے کر دی ہے۔
کامل خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’آپ نے اندازہ لگایا، آپ نے انتظار کیا، اور اب مجھے فخر ہے کہ میں باضابطہ طور پر سیالکوٹ اسٹالیئنز کا تعارف کرا رہا ہوں۔‘‘
فرنچائز مالکان نے پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ کا حصہ بننے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 11 میں سیالکوٹ اسٹالیئنز کے طور پر ٹیم کو میدان میں دیکھنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز باضابطہ طور پر 26 مارچ 2026 سے ہوگا۔ پہلی بار ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ اس مرتبہ فیصل آباد کو بھی میچز کی میزبانی کے لیے اضافی وینیو کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔