ہاکی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کا شیڈول جاری، پاکستان مصر میں میدان میں اترے گا

0

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائرز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جن کا انعقاد مصر، بھارت اور چلی میں کیا جائے گا۔

ایف آئی ایچ کے مطابق چلی میں مردوں اور خواتین دونوں کے مقابلے ہوں گے، بھارت میں صرف ویمنز کوالیفائرز کھیلے جائیں گے جبکہ مصر میں صرف مردوں کے کوالیفائنگ میچز منعقد کیے جائیں گے۔

پاکستان ہاکی ٹیم مصر میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کرے گی، جو یکم سے 7 مارچ تک اسماعیلیہ میں کھیلا جائے گا۔ اس مرحلے میں دنیا کی مضبوط ٹیمیں ورلڈ کپ تک رسائی کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

مصر میں ہونے والے کوالیفائرز میں پاکستان، میزبان مصر، انگلینڈ، ملائیشیا، جاپان، آسٹریا، چین اور امریکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

پاکستان ہاکی ٹیم کو گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے جہاں اس کے مقابلے چین، ملائیشیا اور آسٹریا سے ہوں گے۔ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ یکم مارچ کو چین کے خلاف کھیلے گی، دوسرا میچ 2 مارچ کو ملائیشیا جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 4 مارچ کو آسٹریا کے خلاف ہوگا۔

ایف آئی ایچ کے مطابق مردوں کے دونوں کوالیفائرز سے براہِ راست تین، تین ٹیمیں ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ ہر ایونٹ کی چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم بھی مجموعی درجہ بندی کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ 2026 اگست میں بیلجئم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ میزبان ہونے کی حیثیت سے نیدرلینڈز اور بیلجئم پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے یہ کوالیفائرز عالمی ایونٹ میں واپسی کے حوالے سے نہایت اہم تصور کیے جا رہے ہیں، جہاں قومی ٹیم کو مضبوط حریفوں کے خلاف بھرپور کارکردگی دکھانا ہوگی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.