چین سے معاہدے کی صورت میں کینیڈا پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی ٹرمپ کی دھمکی

Trump threatens to impose 100% tariffs on Canada if deal with China is reached

واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کی صورت میں کینیڈا پر 100 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی یہ سمجھتے ہیں کہ وہ چین کی مصنوعات امریکا تک پہنچانے کے لیے کینیڈا کو ایک ’’ڈراپ پورٹ‘‘ کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں تو وہ سخت غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ چین کینیڈا کو مکمل طور پر نگل لے گا اور اس کے نتیجے میں کینیڈا کا کاروباری نظام، سماجی ڈھانچہ اور طرزِ زندگی شدید متاثر ہوگا۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ اگر کینیڈا نے چین کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ کیا تو امریکا فوری طور پر کینیڈین مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف نافذ کر دے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی نے امریکا کی جانب سے گرین لینڈ سے متعلق ممکنہ ٹیرف کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ اس معاملے پر تجارتی پابندیاں ناقابلِ قبول ہیں۔

عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں خطاب کرتے ہوئے مارک کارنی نے کہا تھا کہ کینیڈا آرکٹک خطے میں سلامتی اور معاشی خوشحالی کے لیے بامقصد مذاکرات کا حامی ہے اور وہ گرین لینڈ اور ڈنمارک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کا حالیہ بیان امریکا، کینیڈا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے