ٹرمپ کا ایران کی جانب بحری بیڑے کی پیش قدمی کا اعلان، تہران امریکا ڈیل کی امید ظاہر
آئیوا – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک امریکی بحری بیڑہ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ کسی معاہدے پر آمادہ ہو جائے گا۔
آئیوا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جون میں ایران کی جوہری صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا تھا، جبکہ اس فوجی کارروائی کے دوران کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے امریکی سرحدوں کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا ہے اور امریکا کو سرمایہ کاری کے اعتبار سے دنیا کا نمبر ون ملک بنا دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق فوج، پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ میں ریکارڈ بھرتیاں کی جا رہی ہیں جبکہ امریکا میں اس وقت 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل امریکا شدید مہنگائی کی لپیٹ میں تھا، تاہم اب معیشت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے لیے سرحدیں مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں اور امریکا سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کے دور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے چار سالہ دورِ حکومت میں امریکا میں صرف ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، جبکہ ان کی حکومت کے پہلے ہی سال میں یہ حجم 18 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ فرانس کی جانب سے قیمتیں کم کرنے سے انکار پر انہوں نے ٹیرف بڑھانے کی دھمکی دی، جس کے بعد فرانسیسی صدر نے امریکی مؤقف تسلیم کر لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین امریکا سے 40 ارب ڈالر مالیت کی سویا بین خریدنے پر آمادہ ہو گیا ہے، جبکہ ٹیرف سے حاصل ہونے والی آمدن سے امریکی کسانوں کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج فراہم کیا گیا۔
ٹرمپ کے مطابق جاپان، برطانیہ اور آسٹریلیا بھی امریکا میں تاریخی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر امریکی صدر نے کہا کہ وہ آئیوا میں مڈ ٹرم انتخابات کی انتخابی مہم کا آغاز کرنے آئے ہیں اور خبردار کیا کہ اگر وسط مدتی انتخابات میں شکست ہوئی تو امریکا کو شدید نقصان اٹھانا پڑے گا۔