واشنگٹن – امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو اپنے منصوبوں پر نظرثانی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ انتباہ 26 جنوری کو جاری کی گئی ٹریول ایڈوائزری اپ ڈیٹ میں دیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق پاکستان میں جرائم، سول بدامنی، دہشتگردی اور اغوا کے خطرات موجود ہیں، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کو لیول 3 (Reconsider Travel) کیٹیگری میں رکھا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہاں سکیورٹی کے سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں اور دہشتگرد حملے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ہو سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ دہشتگرد حملوں کے اہداف میں ٹرانسپورٹ کے مراکز، ہوٹلز، مارکیٹس، شاپنگ مالز، فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہوائی اڈے، ریلوے اسٹیشنز، سکول، ہسپتال، عبادت گاہیں، سیاحتی مقامات اور سرکاری عمارتیں بھی خطرے میں ہو سکتی ہیں۔
امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں، حالات پر نظر رکھیں اور سفارتی رہنمائی پر عمل کریں۔