نائجیریا کی ریاست بورنو میں شدت پسندوں کا فوجی اڈے پر حملہ، درجنوں ہلاک
ابوجا – نائجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو میں شدت پسندوں نے ایک فوجی اڈے پر بڑا حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت درجنوں افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق حملہ رات کے وقت کیا گیا، جس دوران شدت پسندوں نے اچانک فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی اڈے کے اطراف مزید لاشوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث جانی نقصان بڑھنے کا امکان ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس حملے کے بعد شمال مشرقی نائجیریا میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ حکام نے علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب نائجیریا کی سکیورٹی فورسز نے حملہ آور شدت پسندوں کے خلاف جوابی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ علاقے میں امن بحال کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ریاست بورنو طویل عرصے سے شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیوں کا مرکز رہی ہے، جہاں ماضی میں بھی فوجی اور شہری اہداف پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔