ڈھاکہ – بنگلہ دیش کو سال 2026 کے لیے اقوام متحدہ کے پیس بلڈنگ کمیشن (PBC) کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق پیس بلڈنگ کمیشن کے پانچ رکنی بیورو کا انتخاب جمعرات کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اجلاس کے دوران عمل میں آیا۔
کمیشن کے 20ویں اجلاس کے پہلے روز مراکش کو چیئرمین جبکہ جرمنی، برازیل، کروشیا اور بنگلہ دیش کو نائب صدور منتخب کیا گیا۔
پیس بلڈنگ کمیشن اقوام متحدہ کا ایک بین الحکومتی مشاورتی ادارہ ہے جو تنازعات سے متاثرہ ممالک میں امن کے قیام، استحکام اور بحالی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ یہ کمیشن 31 رکن ممالک پر مشتمل ہوتا ہے، جن کا انتخاب جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل، اقتصادی و سماجی کونسل اور اقوام متحدہ کے نظام میں نمایاں فوجی و مالی تعاون فراہم کرنے والے ممالک سے کیا جاتا ہے۔
بنگلہ دیش 2005 میں کمیشن کے قیام کے بعد سے اس کا مستقل رکن رہا ہے اور اس سے قبل بھی 2012 اور 2022 میں 2013 اور 2023 کے ادوار کے لیے نائب چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکا ہے۔
بنگلہ دیش نے جمعے کے روز ایک مختصر تقریب کے بعد پیس بلڈنگ کمیشن کے 20ویں سیشن کے پہلے اجلاس میں باضابطہ طور پر نائب صدر کا منصب سنبھال لیا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور سیکریٹری جنرل کے شیف ڈی کیبنٹ بھی موجود تھے، جنہوں نے کمیشن کی مؤثر حکمرانی اور عالمی امن کے لیے اس کے کردار پر زور دیا۔
ایک بیان میں بنگلہ دیشی وفد نے اس اہم ذمہ داری کے لیے اعتماد کا اظہار کرنے پر کمیشن کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا اور اقوام متحدہ کی قیامِ امن کی کوششوں، سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
