ایران اور امریکا کے جوہری مذاکرات کے لیے عباس عراقچی اور سٹیو وٹکوف عمان پہنچ گئے
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف جوہری مذاکرات کے لیے عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وفد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق عباس عراقچی مذاکرات میں پورے اختیار کے ساتھ شریک ہوں گے اور مقصد منصفانہ، باہمی طور پر قابلِ قبول اور باوقار مفاہمت تک پہنچنا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ مذاکرات جمعے کو ترکیہ کے شہر استنبول میں شیڈول تھے، تاہم ایران کی جانب سے مقام کی تبدیلی کا مطالبہ سامنے آیا، جس پر مذاکرات عمان منتقل کیے گئے۔ ایران نے یہ بھی شرط رکھی کہ مذاکرات میں کسی علاقائی شراکت دار کو شامل نہ کیا جائے اور بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رہے۔