وقار یونس کا فیلڈنگ پر زور، وسیم اکرم کا پاکستان کی فتح کا عندیہ
قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس بڑے مقابلے میں فیلڈنگ انتہائی اہم کردار ادا کرے گی اور اگر پاکستان بھارت کو شکست دیتا ہے تو اسے اپ سیٹ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
اپنے بیان میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے جبکہ بھارت جارحانہ انداز اپناتا ہے، اور جارحانہ کھیل میں مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو فیلڈنگ میں ملنے والے چانسز ہرگز ضائع نہیں کرنے چاہئیں۔
انہوں نے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو مشورہ دیا کہ وہ سنبھل کر بیٹنگ کریں اور اپنے محفوظ شارٹس پر توجہ دیں کیونکہ سری لنکا کی پچز وقت گزرنے کے ساتھ سست ہو جاتی ہیں۔
دوسری جانب لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے پاس معیاری اسپنرز موجود ہیں اور میچ میں کامیابی اسی ٹیم کو ملے گی جو مڈل آرڈر میں اسپنرز کو بہتر انداز میں کھیلے گی۔