کرم اور خیبر بارڈر پر پاک افواج کا بھاری ہتھیاروں کا استعمال، متعدد افغان پوسٹس تباہ ہونے کی اطلاعات
پاک افغان سرحد پر کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جہاں ضلع کرم کے علاقے شُرقو میں پاکستانی فورسز اور افغان عناصر کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے افغان پوسٹس کو توپ خانے اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل (ATGM) کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم تین افغان پوسٹس تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر ضلع خیبر میں بھی سرحدی صورتحال کشیدہ ہے جہاں بازار زخاخیل کے علاقوں مارو سر اور شاہ کوٹ سر کے گرد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان جانب سے مارٹر گولے فائر کیے گئے جن میں سے چند کرم کے علاقے نوا کالئی میں گرے، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں میں دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا ہے جبکہ حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور شہری آبادی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز ہر وقت چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں جبکہ سرحدی پٹی میں نگرانی کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
مزید تفصیلات سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔