ایف بی آئی نے ٹرمپ کے خفیہ دستاویزات کیس میں تحقیقات کرنے والے اہلکاروں کو برطرف کر دیا
واشنگٹن – امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جاری خفیہ دستاویزات کی تحقیقات میں حصہ لینے والے مزید اہلکاروں کو برطرف کر دیا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق یہ برطرفیاں صدر ٹرمپ کی زیر نگرانی مقرر کردہ ڈائریکٹر کاش پٹیل کے سلسلے کی تازہ کڑی ہیں، جس میں گزشتہ سال بھی درجنوں ملازمین کو نکالا گیا تھا جنہوں نے یا تو صدر کے خلاف تحقیقات میں حصہ لیا تھا یا انتظامیہ کے ایجنڈے کے خلاف سمجھے گئے تھے۔
ایف بی آئی ایجنٹس ایسوسی ایشن نے برطرفیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات غیر قانونی ہیں، قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور بیورو کی افادیت اور قیادت پر اعتماد کو متاثر کرتے ہیں۔
اس تازہ کارروائی میں وہ اہلکار شامل ہیں جو فلوریڈا کے مار اے لاگو ریزورٹ میں خفیہ دستاویزات کے معاملے پر تحقیقات کر رہے تھے۔ اس کیس میں صدر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے پہلے دور حکومت سے متعلق اعلیٰ خفیہ ریکارڈ اپنے پاس رکھا اور وفاقی استغاثہ کو انہیں حاصل کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، ان برطرفیوں میں کم از کم 10 اہلکار شامل ہیں، جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس معلومات کی تصدیق کی۔