معاشی سفارتکاری تیز: جائیکا اور اے آئی آئی بی کے ساتھ تعاون میں پیش رفت

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقاتوں میں ترقیاتی تعاون، انفراسٹرکچر فنانسنگ اور باہمی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیرِ خزانہ نے جائیکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ قرضہ جاتی سرگرمیوں کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیصل آباد کے پانی کی فراہمی کے منصوبے کو قرضہ پروگرام کے تحت پہلے منصوبے کے طور پر شامل کرنے کو سراہا۔

اُنہوں نے بتایا کہ گرانٹس پروگرام میں بھی مثبت پیش رفت جاری ہے جبکہ ماضی کی رکاوٹوں کو بڑی حد تک دور کر لیا گیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ جائیکا سے پاکستان کو خالص ادائیگیاں اب بھی منفی ہیں جسے فعال قرضہ جاتی سرگرمیوں کی بحالی کے ذریعے مثبت بنانے پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا۔

دوسری جانب ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی صدر سے ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے انفرااسٹرکچر فنانسنگ کے فروغ پر زور دیا اور اِنہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

اُنہوں نے کہا کہ 4 سال بعد یورو بانڈ کا اجراء پاکستان کی معاشی بہتری پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے جبکہ پہلے پانڈا بانڈ کا اجراء ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیرِ خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر منصوبوں میں تاخیر ختم کرنے کے لیے 4 خصوصی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو زمین کے حصول، فنڈز کی فراہمی اور خریداری کے نظام کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہیں۔

محمد اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے