پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی واپسی، سیالکوٹ اسٹالینز نے نام تبدیل کرلیا
لاہور – پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سیالکوٹ اسٹالینز نے باضابطہ طور پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے دوبارہ ملتان سلطانز رکھ لیا ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ سیالکوٹ اسٹالینز اب نئے نام ملتان سلطانز کے تحت ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فرنچائز کے نئے سی ای او گوہر شاہ کی جانب سے نام کی تبدیلی کی درخواست دی گئی تھی جسے باضابطہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق بطور سی ای او یہ گوہر شاہ کا پہلا اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ’ملتان سلطانز‘ کا نام دستیاب نہیں تھا، تاہم اب قانونی و انتظامی تقاضے مکمل ہونے کے بعد نام کی بحالی ممکن ہو سکی ہے۔
اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ ٹیم کی سالانہ فرنچائز فیس 1.85 ارب روپے سے بڑھا کر 2 ارب روپے کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ او زی ڈویلپرز نے جنوری میں ہونے والی پی ایس ایل نیلامی میں سیالکوٹ فرنچائز کے لیے 1.85 ارب روپے کی ریکارڈ بولی دی تھی، جو لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی قرار دی گئی تھی۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق ملتان سلطانز کے نام کی واپسی سے لیگ کی برانڈ ویلیو اور مداحوں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے۔