پی ایس بی کی ویب سائٹ پر 53 غیر ملحقہ کھیل فیڈریشنز کی فہرست جاری، ’پاکستان‘ کے نام سے نمائندگی پر پابندی

0

اسلام آباد – پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ملک میں کام کرنے والی 53 ایسی کھیل فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کی فہرست اپ لوڈ کر دی ہے جو بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ یا الحاق نہیں رکھتیں۔

پی ایس بی کے مطابق ان تمام تنظیموں کی حیثیت غیر ملحقہ اداروں کی ہے اور ان کا سرکاری کھیل ڈھانچے سے کوئی قانونی تعلق نہیں۔ جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ جو فیڈریشنز بورڈ سے رجسٹرڈ یا الحاق شدہ نہیں ہیں، انہیں اندرونِ ملک یا بیرونِ ملک کسی بھی سطح پر ’’پاکستان‘‘ کے نام سے نمائندگی کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہوگا۔

پی ایس بی نے مزید کہا ہے کہ ایسی تنظیمیں کسی بین الاقوامی ایونٹ میں قومی ٹیم بھیجنے، پاکستان کا نام استعمال کرنے یا قومی پرچم کے ساتھ شرکت کرنے کی مجاز نہیں ہیں۔

ویب سائٹ پر یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان غیر ملحقہ اداروں کو کسی قسم کی سرکاری مالی امداد، گرانٹس یا تکنیکی معاونت فراہم نہیں کی جائے گی۔

غیر ملحقہ فیڈریشنز کی فہرست میں مختلف کھیلوں سے وابستہ تنظیمیں شامل ہیں، جن میں پاکستان کینو اینڈ کایاک فیڈریشن، پاکستان چوک بال فیڈریشن، پاکستان سوکر فٹسال فیڈریشن، پاکستان ہینگ گلائیڈنگ اینڈ پیرا گلائیڈنگ ایسوسی ایشن، پاکستان فینسنگ فیڈریشن، مکسڈ مارشل آرٹس کے مختلف گروپس، پاکستان ڈوج بال فیڈریشن، پاکستان لیکروس فیڈریشن، ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن، پاکستان جمناسٹک فیڈریشن، ای سپورٹس فیڈریشن، ٹرائی تھلون فیڈریشن، پاکستان کیمل ریسنگ فیڈریشن، پاور لفٹنگ اور دیگر روایتی و جدید کھیلوں کی تنظیمیں شامل ہیں۔

پی ایس بی نے کھلاڑیوں، والدین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی مقابلے میں شرکت یا مالی لین دین سے قبل متعلقہ فیڈریشن کی قانونی حیثیت بورڈ کی ویب سائٹ سے تصدیق کریں، کیونکہ غیر ملحقہ اداروں کے پاس پاکستان کی سرکاری نمائندگی کا اختیار نہیں ہے۔

بورڈ کے مطابق اس اقدام کا مقصد کھیلوں کے نظام میں شفافیت، قانونی وضاحت اور کھلاڑیوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.