ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے پی ٹی آئی کے لیاقت باغ جلسے کے لیے این او سی کی درخواست مسترد کر دی۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی راولپنڈی عاقل خان کو باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے عاقل خان کو بھجوائے گئے لیٹر کے مطابق امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے پی ٹی آئی کی درخواست کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کمیٹی کے مطابق موجودہ خطرات کے پیش نظر عوامی اجتماعات میں شریک افراد کے جان و مال کو سنگین خدشات لاحق ہو سکتے ہیں جبکہ شہر میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ لیاقت باغ میں جلسے کے لیے سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر نفری اور وسائل درکار ہیں، تاہم حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے تحت اس سطح کی تعیناتی ممکن نہیں۔ موجودہ حالات میں عوامی اجتماع کے لیے درکار انتظامی، لاجسٹک اور مالی ضروریات کو پورا کرنا ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جا سکتا۔
